گجرات: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر دوران خطاب ایک شخص نے جوتا پھینک دیا، جوتا انھیں نہیں لگا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ گجرات میں پی ٹی آئی کے جلسے کے دوران پیش آیا. عمران خان اپنی تقریر کے اختتام پر تھے، جب ایک شخص نے ان پر جوتا اچھالا.
جوتا عمران خان کے ساتھ کھڑے علیم خان کے سینے پر لگا. واقعے کے فوری بعد پی ٹی آئی چیئرمین اسٹیج سے چلے گئے. پولیس جوتا پھینکنے والے شخص کو بھگدڑ کے باعث حراست میں لینے میں ناکام رہی.
یاد رہے کہ آج عمران خان نے گجرات کے مختلف مقامات پر جلسے کیے۔ ایسے ہی ایک جلسے کے دوران دوپہر میں ایک شخص کو پی ٹی آئی کارکنوں نے پنڈال سے پکڑا تھا، جس پر عمران خان کی گاڑی پر جوتا پھینکنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ کارکنوں نے پکڑے جانے والے شخص کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں پولیس اسے اپنے ساتھ لے گئی۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں سابق وزیر اعظم نواز شریف پر بھی ایک تقریب میں جوتا پھینکا گیا تھا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا، جب مسلم لیگ ن کے قائد جامعہ نعیمیہ میں ہونے والی تقریب میں خطاب کرنے اسٹیج پر آئے۔ جوتا پھینکنے والے شخص کو وہاں موجود افراد نے پکڑ کر سیکورٹی اہلکاروں کے حوالے کردیا۔
اس نوع کا ایک واقعہ نارووال میں وزیر داخلہ احسن اقبال کے ساتھ پیش آیا تھا. یاد رہے کہ چند روز قبل وزیر خارجہ خواجہ آصف پر سیالکوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران ایک نوجوان نے سیاہی پھینک دی تھی۔
سابق وزیراعظم نوازشریف جوتے کا نشانہ بن گئے
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔