امریکا میں جلتی ہوئی کار میں شیر خوار بچی کو چھوڑ کر بھاگنے والے باپ کو قید کی سزا سنا دی گئی، باپ منشیات فروشی میں ملوث تھا۔
امریکی میڈیا کے مطابق مذکورہ واقعہ اپریل 2019 میں پیش آیا، 28 سالہ اموٹپ نارمن طویل عرصے سے منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے روز وہ گاڑی میں منشیات کی بھاری مقدار اور اپنی 19 ماہ کی بچی کو لے کر جارہا تھا جب ایک مقام پر پولیس نے اسے روکا۔
ملزم نے گاڑی بھگادی اور تھوڑی دیر بعد اس کی گاڑی سے دھواں نکلنے لگا، ملزم نے اس دوران منشیات سے بھرا بیگ کھڑکی سے باہر پھینکا اور تھوڑی دیر بعد بچی کو گاڑی میں چھوڑ کر خود بھی باہر چھلانگ لگا دی، تب تک گاڑی آگ پکڑچکی تھی۔
پولیس کے وہاں پہنچنے تک گاڑی شعلوں میں گھر چکی تھی جبکہ اندر موجود بچی کی بھی دم گھٹنے سے موت واقع ہوچکی تھی۔
اموٹپ گاڑی سے چھلانگ لگانے کے بعد سڑک کے ساتھ موجود جنگلات میں غائب ہوگیا تاہم اگلے دن پکڑا گیا۔ عدالت میں اس نے کہا کہ اسے امید تھی کہ پولیس اہلکار اس کی بچی کو جلتی گاڑی سے ریسکیو کرلیں گے۔
2 سال سے زائد عرصے تک کیس چلنے کے بعد عدالت نے ملزم کو 28 سال قید کی سزا سنائی ہے۔