بالی ووڈ اداکار کسی اشتہار کی پروموشن کرنے کا معاوضہ لاکھوں میں لیتے ہیں لیکن ایک سیلز مین نے سارہ علی خان کو بیوقوف بنا کر برانڈ کی پروموشن کروالی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سارہ علی خان کسی برانڈ پروموشن کرنے کا معاوضہ ایک کروڑ روپے وصول کرتی ہیں لیکن کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ایک سیلز مین ان سے مفت میں یہ کام کروالے گا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سارہ علی خان جم سے باہر نکلتی ہیں اس دوران ایک لڑکا پیکٹ پکڑے کھڑا ہے، وہ سارہ کو نمستے کہتے ہوئے ان کے قریب آتا ہے اور خود کو مداح بتاتا ہے۔
سارہ علی خان تصویر کھنچوانے پر راضی ہوجاتی ہیں اور وہ پیکٹ پکڑے ان کے ساتھ تصویر بنوا کر اپنے برانڈ کی پروموشن بھی کرلیتا ہے۔
جب سارہ کار میں بیٹھنے والی ہوتی ہیں تو وہ پیکٹ انہیں دیتا ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور صارفین اس پر دلچسپ تبصرے بھی کررہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ یہ سال کا بہترین سیلزمین ہے، دوسرے نے لکھا کہ ’اگر دماغ ہو تو کچھ بھی ممکن ہے۔‘
کام کے محاذ پر سارہ علی خان نے اکشے کمار کی فلم ’اسکائی فورس‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جبکہ ان کی آنے والی فلم ’میٹرو ان دنوں‘ ہے جس میں ان کے ساتھ مرکزی کردار میں آدیتیہ رائے کپور ہیں۔
فلم کی دیگر کاسٹ میں انوپم کھیر، نینا گپتا، کونکنا سین شرما، پنکج ترپاٹھی، علی فضل اور فاطمہ ثنا شیخ شامل ہیں۔