نئی دہلی: بھارت کے شہر میرٹھ میں 50 روپے کے معاملے پر دو گھروں کے اہلخانہ میں سخت تصادم ہوا اور فائرنگ کی گئی جس میں ایک شخص موت کے گھاٹ اتر گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے شہر میرٹھ میں بچوں کے درمیان 50 روپے کی وجہ سے لڑائی ہوئی جو بڑوں تک جا پہنچی، بڑے آپس میں دست و گریبان ہوئے جس کے بعد ایک شخص کی موت واقع ہوگئی۔
پولیس کے مطابق راشد اور کلو نامی محلے داروں کے بچوں میں آپس میں شدید لڑائی اور مار پیٹ ہوئی۔ اس کے بعد کلو اور راشد دونوں کے گھروں کے افراد آمنے سامنے آگئےاور دونوں میں زبردست تصادم ہوا۔
اس دوران کلو کے اہلخانہ کی طرف سے فائرنگ بھی کی گئی جس میں دوسرے فریق راشد کی موت ہوگئی۔ راشد کی موت کے بعد گاؤں میں افراتفری پھیل گئی۔
اہل محلہ نے پولیس کو طلب کیا جنہوں نے راشد کو اسپتال پہنچایا، واقعے کے بعد اگلے فریق اور وہاں جمع دیگر تماش بین موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس اہل محلہ سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔