بھارتی ریاست اتر پردیش کے گاؤں حمید پور میں نوجوان نے پنیر کے معاملے پر شادی کی تقریب میں موجود لوگوں پر منی بس چڑھا کر متعدد افراد کو زخمی کر دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پہاڑی گاؤں کا رہائشی دولہا راجناتھ یادو بارات لے کر ہفتے کی شب حمید پور پہنچا جہاں تقریب میں گاؤں کے ایک نوجوان نے مزید پنیر کا مطالبہ کیا تو دلہن کے والد نے انکار دیا۔
پنیر کے معاملے پر جھگڑا تلخ کلامی سے ہاتھا پائی میں اُس وقت تبدیل ہوگیا جب دلہن کے والد نے غصے میں آکر نوجوان کے سر پر بڑا چمچمہ دے مارا۔
یہ بھی پڑھیں: شادی میں بجلی غائب ہونے پر دولہے نے دلہن کی پٹائی کر دی، بارات واپس لے گیا
نوجوان نے انتقام لیتے ہوئے شادی کی تقریب میں موجود لوگوں پر منی بس چڑھا دی جس کے نتیجے میں دلہن کے والد اور چچا سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ گاؤں کا ایک نوجوان شادی کی دعوت میں شریک ہوا جس کا کھانے کو لے کر جھگڑا ہوگیا، غصے میں آکر اس نے تقریب پر منی بس چڑھا دی جس سے پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔
واقعے کے بعد شادی کی تقریب عارضی طور پر روک دی گئی جو اگلے دن پولیس کی موجودگی میں مکمل کی گئی۔