امریکا میں ایک شخص سیکیورٹی کمپنی کے ورکر کو دھکا دے کر پیسوں سے بھرا بیگ لے کر فرار ہوگیا۔
امریکی شہر نیویارک کے علاقے برونکس میں ہونے والی اس ڈکیتی میں 2 لاکھ ڈالرز (3 کروڑ 21 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) لوٹ لیے گئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایک سیکیورٹی کمپنی کا اہلکار بکتر بند گاڑی سے نوٹوں کے بنڈل نکال کر بیگ میں ڈال رہا تھا اور یہ بیگ اسے قریب واقع ایک بینک میں لے کر جانا تھا۔
اتنے میں اچانک ایک نامعلوم شخص نے اسے دھکا دیا اور نوٹوں کا بیگ اٹھا کر فرار ہوگیا۔
پولیس نے دن دہاڑے ہونے والی اس ڈکیتی میں ملوث ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔
نیویارک کا علاقہ برونکس اس قسم کی وارادتوں کے حوالے سے مشہور ہے، اس ڈکیتی والے روز ہی ڈکیتی کا دوسرا واقعہ بھی پیش آیا جس میں دو حملہ آوروں نے ایک شخص کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا۔
ڈکیت اس شخص سے اس کا والٹ اور آئی فون چھین کر لے گئے۔