لندن میں ریلوے اسٹیشن پر دیگر مسافروں کے سامنے نوجوان لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے 37 سالہ ملزم کو سزا سنا دی گئی۔
اسکائی نیوز کے مطابق ملزم کی شناخت ریان جانسٹن کے نام سے ہوئی جس نے لندن انڈرگراؤنڈ ریلوے اسٹیشن پر سرِ عام 20 سالہ لڑکی پر حملہ کر کے اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
کراؤن پراسیکیوشن سروس کے مطابق انر لندن کراؤن کورٹ نے جمعہ کے روز ملزم کو 9 سال قید کی سزا سنائی۔ ریان جانسٹن پر ریپ، عصمت دری کی کوشش اور جنسی زیادتی کے دو الزامات عائد کیے گئے۔
متعلقہ: بی جے پی رہنما نابالغ لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے میں ملوث نکلا
برطانوی ٹرانسپورٹ پولیس کے مطابق ملزم نے دو خواتین کا ان کے گھر تک پیچھا کیا تھا، ملزم نے جیسے ہی انہیں پکڑنے کی کوشش کی تو خواتین خود کو بچاتے ہوئے گھر میں داخل ہو گئیں اور دروازہ بند کر دیا تھا۔
اس کے بعد ریان جانسٹن پکاڈیلی لائن ٹرین پہنچا جہاں اس نے نوجوان لڑکی کو پکڑنے کی کوشش کی تاہم لڑکی نے اسے تھپڑ جڑ دیا اور وہاں سے بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئی۔
بعدازاں، ریان جانسٹن نے 20 سالہ نوجوان لڑکی کو پکڑا اور اس پر حملہ آور ہو کر جنسی زیادتی کی۔ اس وقت ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی بڑی تعداد موجود تھی جس نے اس خوفناک منظر کو دیکھا۔
ریلوے اسٹیشن پر موجود فرانسیسی خاتون نے پولیس کو شکایت کی جس کے بعد ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔