منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

سعودی عرب: ڈوبتے ہوئے بچے کو بچانے والا شہری ہیرو قرار

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: ایک سعودی شہری نے تیراکی نہ جاننے کے باوجود ایک بچے کو ڈوبتے ہوئے دیکھا تو بلا جھجھک پانی میں چھلانگ دی اور بچے کی جان بچا لی۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق ایک سعودی شہری نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے ایک بپھری ہوئی ندی میں ڈوبتے ہوئے بچے کو بچا لیا جب کہ وہ تیرنا بھی نہیں جانتا تھا۔

بچہ برساتی ندی کے کنارے پانی میں گر گیا تھا جو پانی کے تیز بہاؤ کے باعث سنبھل نہیں سکا، ڈوبتے ہوئے بچے کو دیکھ کر اس شخص نے پانی میں چھلانگ لگا دی۔

- Advertisement -

وہاں موجود افراد کی جانب سے بنائی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ ندی کے گدلے پانی کی سطح پر موجود ہے جبکہ کچھ لوگ کنارے سے خوفزدہ حالت میں اسے دیکھ رہے ہیں۔

ایسے میں سعودی شہری عامر الشہری نے تیراکی نہ جانتے ہوئے اور اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے کسی حفاظتی اقدام کے بغیر ندی میں چھلانگ لگا دی۔ شہری نے اپنے حواس بحال رکھتے ہوئے بچے کو تیز بہاؤ سے نکال کر اپنی طرف کھینچا اور پانی سے باہر نکلنے میں اس کی مدد کی۔

مقامی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے علاقے عسیر کے شمال مغرب میں احد تھربان کے قریب اس برساتی ندی میں پانی کا بہاؤ گزشتہ دنوں کی موسلا دھار بارش کے باعث کافی تیز ہوگیا ہے۔

حالیہ بارشوں کے باعث اس طرح کے ندی نالے کناروں سے باہر بہہ نکلتے ہیں جس کی وجہ سے مقامی حکام نے عوام کو ایسے علاقوں سے دور رہنے کی پرزور اپیل اور تاکید کی ہے۔

دوسری جانب مذکورہ شہری عامر نے ندی کے قریب رہنے والے تمام افراد کو اپنے بچوں کو ندی کے کنارے سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے

ان کے اس بہادرانہ اقدام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عربی میں ہیش ٹیگ ہیرو عامر الشہری ٹرینڈ کرنے لگا۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان کی ہمت کی تعریف کی جبکہ ایک سعودی تاجر نے انہیں 2 ہزار 667 ڈالر انعام بھی دیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں