لاہور: خاتون کے چہرے پر تیزاب پھینکنے والے سفاک ملزم کو سزا مل گئی، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم کو 34 سال قید کی سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے چار ماہ بعد تیزاب گردی کیس کا فیصلہ سنا دیا، مجرم ہمایوں مسیح کو عدالت نے تیزاب گردی کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 34 سال قید کی سزا سنا دی۔
عدالت کے حکم پر مجرم کو 22 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا، مجرم ہمایوں مسیح نے ذاتی رنجش پر نازیہ بی بی کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا تھا، تیزاب گردی کے باعث خاتون کا چہرہ جھلسنے کے ساتھ ایک آنکھ بھی ضایع ہو گئی تھی۔
مجرم کے خلاف ستمبر 2019 میں فیکٹری ایریا تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، اہل خانہ کا کہنا تھا کہ نازیہ بی بی نے ایک پنچایت میں ہمایوں مسیح کے خلاف گواہی دی تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ 45 سالہ نازیہ عرف نازی میلاد چوک کی رہایشی اور کنٹونمنٹ بورڈ میں سینٹری ورکر تھی، واقعے کے روز کام پر جاتے ہوئے ہمایوں مسیح نے اس پر تیزاب پھینکا۔
یہ واقعہ گزشتہ برس ستمبر میں پیش آیا تھا، شکایت ملتے ہی چونگی امرسدھو کی نازیہ پر تیزاب پھینکنے والے ہمایوں مسیح کو پولیس نے چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا تھا، بعد ازاں خاتون کے شوہر کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
متاثرہ خاتون کے اہل خانہ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ذاتی رنجش پر ہمایوں مسیح نے بوتل میں تیزاب لا کر نازیہ کے سر پر انڈیل دیا تھا۔