بھارتی ریاست اتر پردش کے شہر کانپور میں افسوسناک واقعہ پیش آیا 26 سالہ شوہر نے بیوی سے ویڈیو کال پر بات کرتے ہوئے موت کو گلے لگا لیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق خودکشی کرنے والے شخص کی شناخت دنیش کے نام سے ظاہر کی گئی جس نے مبینہ طور پر ویڈیو کال کے دوران خود پر چاقو گھونپ کر خودکشی کی۔
دنیش کے اہل خانہ کے مطابق اس کی شادی جون 2023 میں رادھا سے ہوئی تھی تاہم دونوں میں اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ فتح پور کی رہائشی رادھا حالیہ جھگڑے کے بعد اپنے ماموں کے گھر چلی گئی تھی جبکہ دنیش کے واپس بلانے کے باوجود اس نے انکار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: خاتون نے شوہر سے ویڈیو کال پر بات کرتے ہوئے موبائل ہی ڈبو دیا
دنیش درزی کا کام کرتا تھا اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہتا تھا، رادھا کے الگ رہنے پر اصرار کرنے کے بعد اس نے پہلے بارادیوی میں ایک کمرہ کرائے پر لیا تھا۔ جوڑا تقریباً آٹھ ماہ تک وہاں رہا پھر علیحدگی اختیار کر لی۔
دنیش کی والدہ نے بتایا کہ بیٹا ذہنی طور پر پریشان تھا اور اس کا دعویٰ تھا کہ رادھا اسے مارتی تھی اور اس کا صحیح خیال نہیں رکھتی تھی۔
جبکہ والد رام بابو نے الزام لگایا کہ رادھا نے انہیں 2 اپریل کو فون کال پر دھمکی دی تھی کہ وہ ان کے بیٹے سے جلد ملیں کیونکہ وہ جلد ہی اسے جیل بھیج دے گی۔
جمعرات کو رادھا کے ساتھ ویڈیو کال کے دوران دنیش نے چاقو اٹھایا اور خود پر حملہ کر دیا۔ رادھا مبینہ طور پر اس عمل کو دیکھ کر چیخ پڑی، شور سن کر گھر والے وہاں پہنچے اور دنیش کو شدید زخمی حالت میں خون میں لت پت پایا۔
اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلیے بھیج دیا جبکہ معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔