قاہرہ: مصر کے شمال مشرقی شہر میں ایک نوجوان نے سرِ عام اپنی منگیتر کو تشدد کے بعد گلا گھونٹ کر مار ڈالا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق مصر کے شمال مشرقی شہر پورٹ سعید میں ایک نوجوان نے اپنی منگیتر کو سرِ عام تشدد کرنے کے بعد گلا گھونٹ کر مار ڈالا۔
مقامی سیکیورٹی فورس کے بیان کے مطابق خلود السید فاروق درویش نامی مقتولہ کی لاش النصر اسپتال میں لائی گئی، جسے اس کے منگیتر نے شاہراہ پر راہ گیروں کے سامنے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا تھا۔
سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ مشرقی پورٹ سعید کی اوجینا اسٹریٹ کی عمارت الحدیدی کے علاقے میں پیش آیا ہے، نوجوان نے لڑکی کو پہلے مکے اور لاتیں ماریں، پھر دونوں ہاتھوں سے اس کا گلا دبا کر اسے جان سے مار دیا۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق لڑکی کی عمر 20 سال ہے، لڑکی کے سر پر تیز دھار آلے سے حملے اور گردن پر گلا گھوٹنے کے نشانات موجود ہیں۔
پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے، مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ ملزم محمد سمیر احمد لڑکی کا منگیتر ہے، دونوں کی جلد شادی ہونے والی تھی اور وہ دونوں ایک ہی جگہ کام کرتے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مصر میں لڑکیوں کے قتل کے تین واقعات ریکارڈ پر آ چکے ہیں۔