تھائی لینڈ میں 35 سالہ شخص صلح کرنے سے انکار پر سابق گرل فرینڈ کے گھر پر دستی بم سے حملہ کرنے کی کوشش میں خود موت کے منہ میں چلا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 25 مئی کو دستی بم پھٹنے سے سوراپونگ نامی شخص ہلاک جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے، واقعہ تھائی لینڈ کے علاقے تھا چنا میں پیش آیا۔
سوراپونگ بریک اپ کے بعد سابق گرل فرینڈ کے گھر گیا اور صلح کرنے کی کوشش کی۔ جب لڑکی نے اسے ٹھکرایا تو وہ طیش میں آگیا اور قینچی گھونپنے کی کوشش کی، خوش قسمتی سے آس پاس موجود لوگوں نے لڑکی کو بچا لیا اور سوراپونگ کو واپس جانے پر مجبور کیا۔
اُس وقت سوراپونگ وہاں سے واپس چلا گیا لیکن چند گھنٹوں بعد اپنی کار میں M26 فریگمنٹیشن دستی بم لے آیا۔ اس نے ہینڈ گرینیڈ کی پن نکال کر سابق گرل فرینڈ کے گھر پر پھینکنے کی کوشش کی لیکن دستی بم اس کے ہاتھ میں پھٹ گیا۔
سوراپونگ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا، واقعے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے جو اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
خاتون دستی بم پھٹنے سے قبل ہی گھر سے فرار ہوگئی تھی۔
پولیس کو سوراپونگ کی گاڑی کے اندر سے 500 گرام میتھم فیٹامائن ملی۔ پولیس نے فرانزک ٹیم سے جائے وقوعہ کا تجزیہ کرنے اور دھماکا خیز مواد کی صحیح قسم کی تصدیق کرنے کیلیے مدد کی درخواست کی۔
واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ حکام شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔ چونکا دینے والے واقعے نے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا۔