کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں پولیس کی جانب سے قرار دیا گیا مقابلہ مشکوک ہوگیا، پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے، زخمی شخص کا کہنا ہے کہ کام سے واپس گھر جارہے تھے راستے میں ملزمان نے لوٹ مار کی، واردات کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہری چھوٹے ہتھیار کی گولی سے زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں اور جاں بحق شخص سے اسلحہ نہیں ملا، ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔
عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ہمیں ملزمان نے لوٹا تو 15 پر اطلاع دی تھی، پولیس آئی اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، جہاں جگہ ملی وہاں بھاگے اس دوران بھانجے اور کاریگر کو گولی لگی، بھائی کو پولیس نے مار ڈالا۔
جاں بحق شخص کے بھائی کا کہنا تھا کہ ملزمان ہم سے 10 منٹ پہلے ہی واردات کرکے فرار ہوچکے تھے، پولیس کی فائرنگ سے ایسا لگا شاید ملزمان دوبارہ آگئے۔
عینی شاہد کا کہنا تھا کہ میرے بھائی کے پاس پولیس نے اسلحہ رکھا اور تصویر کھینچی، ہم تین سے چار جگہ کام کرتے ہیں اور سرجانی کے رہائشی ہیں، اعلیٰ حکام واقعے کا نوٹس لے کر انصاف فراہم کریں۔