بھارت میں سفاک شوہر نے بیوی کو غیر ازدواجی تعلقات کے شبے میں قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دہلی میں ملزم شوہر دھنراج عرف للو نے مبینہ طور پر بیوی کو گلا گھونٹ کر قتل کیا اور اس کی لاش کو رہائشگاہ پر بستر میں چھپایا اور سڑنے سے بچنے کے لیے چہرے کو ٹیپ سے بند کردیا۔
مقتولہ 26 سالہ گیتا چوہان پرائیویٹ کمپنی میں ملازم تھی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے شوہر سے تعلقات کشیدہ تھے اور 29 دسمبر کو جوڑے کے درمیان بحث ہوئی تھی۔
پولیس کا بتانا ہے کہ دھنراج نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد یوٹیوب کی ویڈیوز دیکھ کر منصوبہ بنایا کہ کس طرح لاش کو ٹکڑے ٹکڑے کرکے اسے کسی ویران علاقے میں ٹھکانے لگایا جائے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھنراج ایک ایسے شخص کو قتل کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہا تھا جس کے بارے میں اس کے خیال میں بیوی کی اس سے دوستی تھی تاہم اس کا دوسرا منصوبہ اس وقت ناکام بنایا گیا جب اسے امرتسر سے واپس دہلی جاتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔
چند روز قبل پولیس کو کال موصول ہوئی جس میں جوڑے کی رہائشگاہ پر بستر کے اندر گیتا کی لاش کی اطلاع دی گئی۔
ملزم کو تلاش کرنے کے لیے متعدد ٹیمیں تشکیل دی گئیں جو روپوش ہوگیا تھا اور اپنا موبائل فون بند کردیا تھا، تکنیکی نگرانی سے پتا چلا کہ دھنراج ایک نیا فون اور سم کارڈ حاصل کیا۔
تاہم پولیس نے ملزم کو دوسرے جرم کو انجام دینے سے قبل ہی گرفتار کرلیا۔