واشنگٹن: امریکا میں تمام سرکاری ملازمین کے لیے کرونا ویکسین لازمی قرار دے دی گئی، صدر بائیڈن کا کہنا ہے کہ ویکسین نہ لگوانے والے لوگ پورے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام سرکاری ملازمین کے لیے کرونا ویکسین لگوانا لازمی قرار دے دیا ہے۔
امریکا میں 1 کروڑ سے زائد سرکاری ملازمین اور کنٹریکٹرز مختلف عہدوں پر تعینات ہیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا میں تاحال 8 کروڑ افراد نے کرونا ویکسین نہیں لگوائی، امریکا میں کرونا وائرس کے باعث یومیہ اموات 1 ہزار تک پہنچ گئی۔
صدر بائیڈن کا کہنا ہے کہ ویکسین نہ لگوانے والے لوگ پورے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔