ملتان میں آم کے باغات پر مختلف بیماریوں کے حملے سے پھل کی پیداوار میں کمی کا خطرہ پیدا ہوگیا، کاشت کار آم کی فصل کو بچانے کیلیے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔
ملتان سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے مرزا احمد علی کی رپورٹ کے مطابق باغات پر گدیری تیلے اور خشکے کا حملہ ہوا ہے۔
موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی آم کی فصل کو گدیری تیلے اور خشکے کے حملہ کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جس کی وجہ کاشت کار اپنی سالوں کی محنت کو بچانے کیلیے سر توڑ کوششیں کررہے ہیں۔
اس حوالے سے کاشت کاروں کا کہنا ہے کہ ہم آم کی فصل کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلیے ادویات کا اسپرے کررہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اگر اس سال موسم گرم رہا تو امید ہے فصل بہت بہتر ہوگی۔
ایک کاشتکار نے بتایا کہ درخت پر لگے بُور (پھول) جب بہت زیادہ ہوجاتے ہیں تو انہیں بیماری سے بچانے کیلیے کاٹنا ضروری ہوجاتا ہے۔
کاشت کاروں کے مطابق گرم موسم سازگار ہے اس سال آم کی فصل پر بُور بہت زیادہ ہے اگر فوری طور پر مناسب اقدامات کیے جائیں تو زیادہ فصل حاصل کی جاسکتی ہے۔