پنجاب کے شہر پتوکی میں خاتون کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگئیں جبکہ ان کو بچانے کیلیے گٹر میں اترنے والا نوجوان بھی جان سے گیا۔
افسوسناک واقعہ چونیاں روڈ پر پیش آیا، عینی شاہدین نے بتایا کہ خاتون کو بچانے کیلیے 2 نوجوان مین ہول میں اترے تھے اور تینوں پھنس گئے، ہم نے خاتون سمیت نوجوانوں کو اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکالا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ 15 منٹ کی کوشش سے مین ہول سے نکالا گیا تو تینوں کی حالت غیر تھی، تینوں کو اسپتال پہنچایا جہاں خاتون اور ایک نوجوان نے دم توڑ دیا جبکہ دوسرے نوجوان کی حالت تشویشناک ہے جسے علاج کیلیے لاہور بھجوا دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اگر علاقے میں کھلے مین ہول نظر آئیں تو کیا کریں؟
شہریوں نے پتوکی ملانوالہ بائی پاس پر انتظامیہ کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ درجنوں کھلے مین ہول شہریوں کیلیے وبال جان بن گئے ہیں، وزیر اعلیٰ اور کمشنر کھلے مین ہول کا فوری نوٹس لیں۔
18 نومبر 2024 کو لاہور کے چلڈرن اسپتال میں 3 سالہ بچہ مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کی تھی۔
پولیس نے بتایا تھا کہ بچہ ایڈمن آفس کے ساتھ پارک میں کھیلتا ہوا مین ہول میں گرا، والدین بچے کو چیک اپ کیلیے اسپتال لے کر آئے تھے، کارروائی کے بعد بچے کی لاش کو ورثا کے حوالے کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اسپتال میں مین ہول کا کھلا ہونا مجرمانہ غفلت ہے، ذمہ داروں کا تعین کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔