بھارتی فلم انڈسٹری کے ماضی کے معروف اداکار منوج کمار 87 سال کی عمر میں فانی دنیا کو خیر باد کہہ گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیجنڈری اداکار منوج کمار کو طبیعت کی خرابی کے باعث ممبئی کے کوکیلا بین دھیرو بائی امبانی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جہاں دل سے متعلق پیچیدگیوں کی وجہ سے جمعہ کی صبح ان کا انتقال ہوگیا۔
اسپتال کے میڈیکل سرٹیفکیٹ کے مطابق ان کی موت کی ثانوی وجہ جگر کی خرابی تھی۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر ’لیجنڈری اداکار اور فلم ساز‘ کی موت کی خبر شیئر کی ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نے اداکار کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ فلم ساز شری منوج کمار جی کے انتقال سے گہرا صدمہ ہوا، وہ ہندوستانی سنیما کے ایک آئکن تھے، جنہیں خاص طور پر ان کے حب الوطنی کے جذبے کے لیے یاد کیا جاتا تھا، جس کی عکاسی ان کی فلموں میں بھی ہوتی تھی۔
مودی کا کہنا تھا کہ منوج جی کے کاموں نے قومی فخر اور عزم کا جذبہ جگایا اور نسلوں کو متاثر کرتے رہیں گے۔ میرے خیالات اس گھڑی میں ان کے خاندان اور ان کے چاہنے والوں کے ساتھ ہیں۔
منوج کمار کے بیٹے کنال گوسوامی نے بتایا کہ والد طویل عرصے سے صحت کے مسائل سے لڑ رہے تھے۔ ان کے بیٹے کا کہنا تھا کہ ’یہ خدا کا کرم ہے کہ انہوں نے اس دنیا کو پرامن طریقے سے الوداع کیا۔
معروف بھارتی اداکار 83 برس کی عمر میں چل بسے
یاد رہے کہ منوج کمار 1937 میں ایبٹ آباد، (اب خیبر پختونخواہ، پاکستان) میں پیدا ہوئے تھے جو اس وقت برصغیر کا حصہ تھا اور ان کا نام ہری کرشنن گوسوامی تھا۔