مانسہرہ : خواجہ سرا کو قتل کرنے والا ملزم پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزم نے گزشتہ روز خواجہ سرا کو شادی کی تقریب میں ڈانس کرتے ہوئے گولی ماری تھی۔
تفصیلات کے مطابق4مئی کو مانسہرہ کے علاقے دھمن شریف میں شادی کی تقریب میں اسٹیج پر ڈانس کرنے والے خواجہ سرا کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا،۔
پولیس کے مطابق ملزم خواجہ سرا کو قتل کرنے کے بعد فرار ہو گیا تھا، دوسری جانب دھمن شریف میں خواجہ سراؤں نے اپنے ساتھی کے قتل کے خلاف کچہری چوک پر احتجاج کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ رقم کے لین دین کے تنازعہ پر ریاض نامی شخص نے خواجہ سرا کو قتل کیا۔
بعد ازاں خواجہ سرا کے قتل کی فوٹیج سامنے آگئی، اے آر وائی کو موصول فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خواجہ سرا کو شادی کی تقریب میں ڈانس کرتے ہوئے سر میں گولی ماری گئی تھی۔
خواجہ سراؤں کی جانب سے ساتھی کے قتل کے خلاف جس وقت احتجاج ہوا، اس دوران جسٹس اعجاز افضل ڈسٹرکٹ بار آرہے تھے انہوں نے کچہری چوک بلاک دیکھا تو مظاہرین سے ملاقات کی۔
مزید پڑھیں: کراچی ڈیفنس میں فائرنگ ، خواجہ سرا جاں بحق
خواجہ سراؤں نے دعویٰ کیا کہ ہم نے تقریب میں گولی مارنے والے شخص کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا لیکن پولیس نے قاتل کو بھگا دیا، جسٹس اعجاز افضل کے نوٹس پر پولیس نے قاتل ریاض کو گرفتار کرلیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔