پیرس اولمپکس میں بھارت کے لیے میڈل جیتنے والی شوٹر منوبھارکر کی اداکاری نے میگا اسٹار امیتابھ بچن کو بھی دنگ کردیا۔
بھارت شوٹر منو بھاکر نہ صرف شوٹنگ کی مہارت سے واقف ہیں بلکہ ڈائیلاگ ڈیلیوری کرنا بھی خوب جانتی ہیں، حال ہی میں پیرس اولمپکس میں دو میڈل جیتنے والی منو بھاکر غیرمتوقع طور پر اداکاری کرتی نظر آئیں جس کی کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
22 سالہ منو بھاکر نے بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن کے شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے 16ویں سیزن میں شرکت کی، جہاں انھوں نے مشہور فلم محبتیں کا ڈائیلاگ بول کر داد حاصل کی۔
شو کے پرومو میں دکھایا گیا ہے کہ بگ بی کے سامنے منو بھاکر ہاٹ سیٹ پر براجمان ہیں، منو نے امیتابھ سے سوال کیا کہ کیا وہ ان کے سامنے ان کی فلم کا مشہور ڈائیلاگ کہہ سکتی ہیں؟ جس پر امیتابھ بچن نے بخوشی انھیں اجازت دی۔
منو نے بلاک بسٹر فلم ’محبتیں‘ کے مشہور ڈائیلاگ ’پرمپرا، پرتیشتھا، انوشاسن‘ کو امیتابھ کے سامنے ادا کیا جس پر بگ بھی حیرانگی سے ان کی طرف دیکھتے نظر آئے،
اس دوران منو کی پرفارمنس پر اسٹوڈیو تالیوں سے گونج اٹھا جبکہ سوشل میڈیا پر مداحوں اور ناظرین کو ایتھلیٹ کا یہ انداز کافی پسند آیا اور اس کی کلپ تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔