کراچی: بیرون ملک جائیداد کے معاملے سے متعلق سندھ میں بھی سرکاری افسران پریشان ہوگئے، پولیس،کسٹم اور ایف بی آر افسران کے بیرون ملک اثاثے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کے حلف اٹھانے اور قوم سے پہلے خطاب کے بعد بیرون ملک اثاثے رکھنے والے سرکاری افسران پریشان ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری افسران کے دبئی، بنکاک، ملائیشیا، امریکا اور برطانیہ میں اثاثے ہیں، سندھ پولیس کے کچھ افسران نے حال ہی میں بیرون ملک سرمایہ کاری کی۔
ذرائع کے مطابق سرکاری افسران نے اہلیہ اور اہلخانہ کے ناموں پر بیرون ملک اثاثے بنائے، تاہم اب ان افسران کو اپنے بیرون ملک اثاثوں سے متعلق شدید تشویش لاحق ہے۔
برطانیہ میں پاکستانیوں کی غیرمنقولہ جائیدادوں کے خلاف کارروائی کا آغاز
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری نثار کے دور میں 300 افسران کے خلاف انکوائری شروع کی گئی تھی، تین سو افسران کے دبئی میں اثاثوں کاریکارڈ ایف آئی اے نے حاصل کیا تھا۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں او ای سی ڈی معاہدے کے تحت ایف بی آر کو ملنے والی معلومات کے مطابق تقریباً 700 ایسے افراد کی نشاندہی ہوئی تھی، جنھوں نے ایمنٹسی اسکیم میں اپنی جائیداد ظاہر نہیں کیں لیکن وہ ان جائیداد کے مالک ہیں۔
واضح رہے کہ مذکورہ 700 افراد میں سے 350 افراد کی جائیداد دبئی جبکہ 150 سے 200 افراد کی جائیداد برطانیہ میں ہیں، ایف بی آر کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے نوٹسزجاری کرکے بیرون ملک جائیداد خریدنے کے ذرائع بتانے کی ہدایت کی گئی تھی۔