خیرپور: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے اگلے وزیراعلیٰ سندھ کا نام بتا دیا۔
تفصیلات کے مطابق سیاسی پیشگوئیوں کے حوالے سے شہرت رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے میڈیا سےگفتگو میںکہا کہ ہمارا وزير اعلیٰ لے لو اپنا دے دو یہ بیان آتے رہتے ہیں، اگر وزیر اعلیٰ سندھ تبدیل ہوئے تو فریال تالپور وزیراعلیٰ ہونگی۔
پیپلزپارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ 2025 اہم ہے کچھ بھی ہوسکتا ہے، یہ سال الیکشن کے حوالے سے بھی اہم ہے، پاکستان 2025 میں تبدیل ہوتے ہوئے نظر آرہا ہے۔
منظور وسان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کسی فنڈز کی ضرورت ہی نہیں، بانی پی ٹی آئی کا عروج 2024 کے ساتھ ختم ہوگیا ہے، یہ سال بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے بھاری ہے۔
منظور وسان نے مزید کہا کہ 31 جنوری تک بانی پی ٹی آئی مذاکرات بڑھاتے رہیں گے، چاہے احتجاج کی جتنی کالیں دیں کوئی فرق نہیں پڑتا، 2025 میں پی ٹی آئی میں اختلافات بڑہ جائیں گے۔