اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بھارتی الزامات کو بے بنیاد اورغیرذمے دارانہ قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت کی جانب سے گزشتہ روز ہونے والےاوڑی حملے میں ملوث ہونے کے حوالے سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے یہ وطیرہ بنالیا ہے کہ وہ اپنے ملک میں ہونے والے دہشت گردی کے ہر واقعے کی ذمہ داری تحیقیقات کیے بغیر پاکستان ڈال دیتا ہے یہاں تک کہ بہت سے دہشت گردی کے واقعات میں خود ہندوستان ملوث نکلا تاہم اس کا الزام بھی پاکستان پر لگایا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے، دنیا کی توجہ اس پرمرکوز ہے اور بھارتی مظالم کیخلاف دنیا کے کونے کونے سے آوازاٹھ رہی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی سے مقبوضہ وادی میں سو سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں اور ہزاروں زخمی ہیں، پیلٹ گن کے استعمال سے سات سو سے زائد کشمیری بینائی سے محروم ہوچکے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کے کشمیریوں پر مظالم پر اقوام متحدہ کےانسانی حقوق کےکمشنر نے بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف بھرپور انداز میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اٹھائیں گے۔