ارجنٹائن کے عظیم آنجہانی فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کا نام متوقع طور پر ملکی کرنسی نوٹ پر چھپنے کا امکان ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن کے ایک سینیٹر نے ارجنٹائن کانگریس میں ایک بل پیش کیا ہے، جس میں عظیم فٹبالر کی خدمات کو یاد رکھتے ہوئے ان کی تصویر کو کرنسی نوٹس پر لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
سینیٹر نے اپنے بل میں کہا ہے کہ کرنسی نوٹ پر ایک جانب میراڈونا کی تصویر اور دوسری جانب فٹبال کی تاریخ کے یادگار ترین گول ہینڈ آف گاڈ کی تصویر لگانے کی تجویز دی۔
اگر بل منظور ہوگیا تو ارجنٹائن کے کسی ایک کرنسی نوٹ پر میراڈونا کی تصویر چھاپی جائے گی۔
ڈیاگو میراڈونا گزشتہ ماہ 25 نومبر کو دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے تھے۔
اپنی موت سے چند روز قبل ہی انہوں نے اپنے دماغ کی سرجری کروائی تھی جبکہ منشیات کی عادت سے چھٹکارے کے لیے وہ ری ہیب سینٹر بھی چلے گئے تھے۔
میراڈونا نے سنہ 1986 کے فیفا ورلڈکپ میں انگلینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل میں ہینڈ آف گاڈ کا گول کیا تھا، اس عالمی کپ میں جرمنی کو فائنل میں شکست دے کر ارجنٹائن دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بنا تھا۔