ممبئی: بھارت کی مراٹھی فلم انڈسٹری کے نوجوان اداکار نے خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مراٹھی فلموں میں کام کرنے والے اداکار بھاکرے نے ناندید ٹاؤن گنیش نگر میں واقع اپنے گھر میں پنکھے سے لٹک کر بدھ کی شام خودکشی کی۔
بھاکرے کی اہلیہ مایوری ڈیشھامک بھی مراٹھی فلم انڈسٹری کی اداکارہ ہیں۔
بھارتی میڈیا نے ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کو اپنی رپورٹ کا حصہ بنایا اور لکھا کہ بھاکرے کی پنکھے میں جھولتی لاش اُن کے اپارٹمنٹ سے ملی، یہ گھر انہیں والدین نے خرید کر دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق بھاکرے نے مراٹھی انڈسٹری کی کامیاب ترین فلموں ’بھاکار اور لچار تھارلا پکا‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اداکار کے گھر پہنچی اور اُن کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا۔ شیوا جی نگر تھانے کے افسر نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔
مزید پڑھیں: بھارتی اداکارہ کی خودکشی کی کوشش
غیر مصدقہ اطلاعات یہ ہیں کہ بھاکر چند روز سے ذہنی دباؤ کا شکار تھے، انہوں نے چند روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی آخری ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ یہ بتا رہے تھے کہ آخر ایک شخص خودکشی کا فیصلہ کیوں کرلیتا ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل بھارت کی تامل انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی نوجوان اداکارہ وجایا لکشمی نے خودکشی کی کوشش کی تھی، خوش قسمتی سے اُن کی زندگی بچ گئی تھی۔ وجایا کا شمار انڈسٹری کے متحرک اداکاروں میں ہوتا ہے کیونکہ گزشتہ دو برس میں انہوں نے شوبز کے لیے بہت زیادہ کام کیا۔ خودکشی کی کوشش سے قبل وجایا نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ’کچھ دیر میں میری موت ہوجائے گی‘۔
یاد رہے کہ اس سے قبل تین جولائی کو چار دہائیوں تک بالی ووڈ انڈسٹری پر راج کرنے والی معروف کوریئو گرافر سروج خان 70 برس کی عمر میں اچانک انتقال کرگئیں تھیں۔
واضح رہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے یہ سال بہت بھاری ثابت ہوا ہے، گزشتہ دنوں نامور بالی ووڈ اسٹار عرفان خان، رشی کپور کینسر جبکہ میوزک کمپوزر ساجد خان کرونا سے انتقال کرگئے تھے۔
یاد رہے کہ 14 جون 2020 کو بالی ووڈ کے ابھرتے ہوئے نوجوان اداکار سشانت سنگھ نے بھی خودکشی کی، اُن کے دوستوں کا کہنا تھا کہ اداکار کام نہ ملنے کی وجہ سے شدید ڈپریشن کا شکار تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ڈانسر سوتے سوتے موت کی وادی میں داخل
سُشانت سنگھ راجپوت نے 2013 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے ایک درجن فلموں میں ہی کام کیا تھا، انہیں 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم پی کے سے شہرت ملی جس کے بعد انہوں نے مہندرا سنگھ دھونی کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔
علاوہ ازیں سلمان خان کے ساتھ ریڈی فلم میں کام کرنے والے مزاحیہ اداکار موہیت بگہیل 27 برس کی عمر میں چل بسے، وہ موذی مرض میں مبتلا تھے، اس سے قبل 13 مئی کو بالی ووڈ کی مشہور فلم پی کے میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے ساتھ کام کرنے والے اداکار کینسر کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 39 سالہ اداکار چرن جیوی سرجا کو 7 جون کو دل میں تکلیف ہوئی جس کے بعد انہیں اسپتال لایا گیا، وہ دوران علاج جانبر نہ ہوسکے تھے۔ چرن جیوی سرجا کی موت کی تصدیق تلنگا فلموں میں کام کرنے والے اداکار اور اہل خانہ نے کی تھی۔
اسے بھی پڑھیں: کینسر سے متاثر ہونے والی نوجوان اداکارہ چل بسیں
چند روز قبل 9 جولائی کو بالی ووڈ فلموں میں مزاحیہ کردار ادا کر کے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے جگدیپ 81 برس کی عمر میں جمعرات کے روز جہانِ فانی سے کوچ کرگئے تھے۔
جگدیپ معروف بالی ووڈ اداکار جاوید جعفری اور نوید جعفری کے والد تھے، اُن کا اصل نام سید اشتیاق احمد جعفری تھا۔ بعد ازاں بھارت کی نوجوان ٹک ٹاک اسٹار نے خودکشی کی جبکہ ایک روز قبل مقامی شوبز انڈسٹری کے اداکار سشیل گودا نے خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
رواں ماہ کی تیرہ تاریخ کو اداکارہ اور ماڈل دیویا چوکسے کمسپرسی کی حالت میں کینسر سے جنگ ہار گئیں تھیں، انہوں نے اپنی موت سے قبل انسٹاگرام پر الوادعی پیغام بھی شیئر کیا جسے پڑھ کر مداح مزید غمزدہ ہوگئے تھے۔ چند روز قبل 24 جولائی کو بالی ووڈ کی معروف رقاصہ اور کوریئو گرافر امالا شنکر 101 سال کی عمر میں دارِ فانی سے کوچ کر گئیں۔ وہ رات سونے کے لیے اپنے کمرے میں گئیں اور سوتی ہی رہ گئیں۔