بدھ, مئی 15, 2024
اشتہار

مارکو پولو: یورپ کو مشرق سے آشنا کرنے والا

اشتہار

حیرت انگیز

مارکو پولو دنیا کا سب سے عظیم سیاح‌ گزرا ہے۔

وہ 1254ء میں‌ وینس (اٹلی) کے ایک اعلیٰ خاندان میں‌ پیدا ہوا۔ مارکو پولو کی پیدائش کے وقت اس کا باپ اور چچا قبلائی خان اعظم سے ملاقات کے لیے چین گئے ہوئے تھے۔ وہ 1269ء میں واپس اٹلی پہنچے۔ کچھ عرصہ بعد مارکو پولو کا چچا اسے لے کر پھر چین روانہ ہوا اور 1275ء میں‌ صحرائے گوبی عبور کر کے قبلائی خان کے دربار میں حاضر ہوگیا۔

نوجوان سیاح نے بہت جلد شہنشاہ کے دل میں گھر کرلیا۔ چناںچہ قبلائی خان نے مارکو پولو کو اپنا سفیر بنا کر ملکوں ملکوں بھیجا۔ بعد میں خان اعظم نے اس کو اپنے ایک صوبے کا حاکم بھی مقرر کر دیا تھا۔ چین میں‌ مدت دراز تک رہنے کے بعد ان دونوں اطالویوں نے کسی طرح شہنشاہ سے اپنے وطن جانے کی اجازت لے لی اور ایک منگول شہزادی کو ساتھ لے کر سماٹرا اور جنوبی ہندوستان کے راستے ایران پہنچے۔ اور روانگی کے کوئی چوبیس سال بعد 1295ء میں وینس پہنچ گئے۔ پہلے پہل ان کو کسی نے نہ پہچانا۔

- Advertisement -

1298ء میں‌ وینس کی جنوا والوں‌ سے لڑائی ہوئی جس میں‌ مارکو پولو نے اپنے خرچ پر ایک جہاز پیش کیا۔ 7 ستمبر کو جزیرہ کرزولا کی لڑائی میں‌ وہ دشمن کے ہاتھوں‌ گرفتار ہوگیا۔ سال بھر اسے جیل خانے میں‌ رہنا پڑا۔ انہی دنوں اس نے اپنے ایک ساتھی قیدی کو اپنا سفر نامہ لکھوایا جو بے انتہا دل چسپ ہے۔ 1299ء میں وہ رہا کر دیا گیا۔ اس کے بعد زندگی کے حالات معلوم نہیں۔ صرف اتنا ہے کہ اس نے 9 جنوری 1324ء کو ایک پادری کو اپنی وصیت لکھوائی اور اسی روز وفات پا گیا۔

مارکو پولو نے اپنے سفر نامے میں‌ مختلف مشرقی ملکوں‌ کی تاریخ اور ان کی ر سوم کا حال لکھا ہے۔ اور چنگیز خان اور اس کے پوتے قبلائی خان کے متعلق معلومات دی ہیں۔ اس کی بعض کہانیاں‌ اس قدر دلفریب ہیں‌ کہ ان پر گپ کا شبہ ہوا لیکن آج کل کی تحقیقات سے ثابت ہوگیا ہے کہ بنیادی طور پر وہ صحیح ہیں۔

(انگریزی زبان سے اردو ترجمہ از مولانا عبدالمجید سالک)

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں