مردان: میئر مردان کے لئے ہونے والی دوبارہ گنتی میں بھی عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوارحمایت اللہ مایار فاتح قرار پائے ہیں۔
ریٹرننگ آفیسر مجیب الرحمان کے مطابق مردان میئر کے الیکشن میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی مکمل کرلی گئی ہے جس میں اے این پی کے حمایت اللہ ماریا کے ووٹوں میں 2 ہزار 26 ووٹوں کا اضافہ ہوا اور ان کے ووٹوں کی تعداد 58 ہزار 484 ہوگئی ہے۔
آر او نے کہا کہ دوبارہ گنتی میں جے یو آئی کے امیدوار مولانا امانت شاہ کے ووٹوں میں بھی 2 ہزار 28 ووٹوں کا اضافہ ہوا جس ان کے ووٹوں کی تعداد 51 ہزار 966 ہوگئی ہے اور وہ دوسرے نمبر پر ہیں۔
آر او کے مطابق 414 پولنگ اسٹیشنوں کی دوبارہ گنتی تین دن میں مکمل کی گئی، میئر مردان کے الیکشن میں شکست کھانے والے مولانا امانت شاہ نے دوبارہ گنتی کے نتائج تسلیم کرلیے ہیں۔
اے این پی کا بھی مقامی تنظیمیں تحلیل کرنے کا فیصلہ
دوسری جانب بلدیاتی انتخابات میں ناقص کارکردگی پر اےاین پی نے بھی مقامی تنظیمیں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹی فیکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔
اے این پی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی قیادت نے پارٹی پالیسی کیخلاف جانے والوں کی چارج شیٹ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، مایوس کن کارکردگی دکھانےوالےاضلاع میں سخت ایکشن لئے جانے کا امکان ہے، قوی امکان ہے کہ پارٹی امیدوار کی حمایت نہ کرنیوالےکارکنوں کےخلاف بھی کارروائی ہوگی۔