اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت موسمیاتی تبدیلی سے اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ کا کنٹرول لے کر داخلہ ڈویژن کو سونپ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ اور سی ڈی اے کے درمیان مارگلہ ہلز پر کنٹرول کا تنازعہ چل رہا تھا، وزیر اعظم پاکستان نے اب اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ کو داخلہ ڈویژن کے ماتحت کر دیا ہے۔
وزیر اعظم آفس نے وائلڈ لائف بورڈ کو داخلہ ڈویژن کے ماتحت کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، وائلڈ لائف بورڈ کے اثاثے اور واجبات بھی داخلہ ڈویژن کو شفٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ بورڈ کو داخلہ ڈویژن شفٹ کرنے کی تمام رسمی کارروائیاں ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سی ڈی اے اور وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کا مارگلہ ہلز میں حدود کا تنازعہ چل رہا تھا، سی ڈی اے نے گزشتہ دنوں وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کے دفاتر بھی کنٹرول میں لے لیے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ اب سی ڈی اے کے ماتحت کام کرے گا۔
خیال رہے کہ رواں موسم گرما میں مارگلہ ہلز میں آگ لگنے کے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں۔