اسلام آباد: دارالحکومت مارگلہ ہلز کے علاقے سید پور کے قریب تیندوے کی موجودگی کے شواہد مل گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ تیندوے کے ٹریل تھری کے پاس موجودگی کے شواہد ملے ہیں، عوام کے تحفظ کے لیے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
سی ڈی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں عملے کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مارگلہ ہلز ٹریل تھری کو احتیاطی تدابیر کے پیش نظر عوام الناس کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
ترجمان وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ مقامی آبادی اورسیاح غیرضروری نقل وحرکت سےاجتناب کریں۔
مزید پڑھیں: مارگلہ ہلز سے ملحقہ گاؤں میں 3 تیندوے گھس آئے
واضح رہے کہ گزشتہ روز سید پور گاؤں کی مساجد سے علاقے میں تین تیندوں کی موجودگی کے اعلانات کیے گئے تھے۔
وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ لوگ گھروں سے نہ نکلیں تاکہ تیندوے واپس جنگل میں جا سکیں جبکہ عمومی طور پر تیندوے انسانوں پر حملہ آور نہیں ہوتے۔
وائلڈ لائف حکام کا کہنا تھا کہ زیادہ لوگ دیکھ کر یا چیخنے چلانے پر تیندوا گھبراہٹ میں حملہ آور ہو سکتا ہے۔