شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ماریہ ملک کا کہنا ہے کہ مجھے بچپن سے ہی اداکاری کرنے کا شوق تھا۔
اداکارہ ماریہ ملک نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی اور اس دوران شوبز کیریئر سمیت دیگر معاملات پر اظہار خیال کیا۔
ماریہ ملک نے کہا کہ ان کے خاندان کے کسی بھی فرد کا شوبز سے کوئی تعلق نہیں لیکن انہیں بچپن سے ہی اداکاری کرنے کا شوق تھا۔
اداکارہ نے کہا کہ ایسا بلکل نہیں کہ انہیں کیریئر کے آغاز میں ہی مرکزی کردار ملنا شروع ہوئے بلکہ انہوں نے آغاز میں انتہائی مختصر اور معاون کردار بھی ادا کیے۔
انہوں نے بتایا کہ معاون کرداروں کو اچھی طرح نبھائے جانے کے بعد انہیں اہم کردار دیے گئے، جس کے بعد انہیں مرکزی کرداروں کی پیش کش ہونے لگی۔
ماریہ ملک نے کہا کہ بزنس کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے لیکن ابھی میری توجہ شوبز کیریئر پر ہے، تاہم مستقبل میں اپنا کاروبار کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہوں۔
انہوں نے ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کو اپنے پسندیدہ ترین اداکار بھی قرار دیا۔
واضح رہے کہ ماریہ ملک نے حال ہی میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’دل ہی تو ہے‘ میں ’سبرینا‘ کا مرکزی کردار نبھایا تھا۔