لندن: عمران خان پر قاتلانہ حملے کے تناظر میں انگلش بولر مارک ووڈ نے اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دوبارہ پاکستان کا سوچ کر پریشان ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انگلش بولر مارک ووڈ نے ایک برطانوی اخبار سے گفتگو میں کہا ہے کہ ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان جانے کا تجربہ بہت اچھا رہا، پاکستان میں سیکیورٹی شان دار تھی، اور ہمارا اچھا خیال رکھا گیا۔
دی گارڈین کے مطابق مارک ووڈ نے جمعرات کو پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان پر قاتلانہ حملے کی کوشش سے ہونے والی تشویش کا اعتراف کیا ، لیکن کہا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کا اپنا آئندہ ٹیسٹ دورہ ترک کرنے کا کوئی فوری منصوبہ نہیں ہے۔
انھوں نے کہا تشویش کے باوجود سیریز ملتوی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، بورڈ سیکیورٹی معاملات دیکھ رہا ہے، اگر انگلش سیکیورٹی حکام نے کہا تو پاکستان ضرور جائیں گے۔
یاد رہے کہ برطانوی ٹیم کا آئندہ ماہ ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ شیڈول ہے۔
واضح رہے کہ مارک ووڈ اس ماہ کے آخر میں پاکستان پہنچنے والے اسکواڈ کے رکن ہیں، وہ وائٹ بال اسکواڈ میں بھی شامل تھے، جس نے اکتوبر میں 7 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلنے کے لیے پاکستان کا سفر کیا تھا، 17 سال بعد انگلش ٹیم نے پاکستان میں کرکٹ کھیلی، اس موقع پر کھلاڑیوں کو سیکیورٹی اہل کاروں کے گھیرے میں رکھا گیا تھا، اور یہ دورہ بغیر کسی سانحے کے مکمل ہوا جسے بڑی کامیابی سمجھا گیا۔