لاہور: وزیرصنعت وتجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ کروناوائرس کو روکنے کے لیے عوام حکومتی فیصلوں میں تعاون کریں، صوبے میں مارکیٹوں کی مانیٹر نگ جاری رہے گی اور خلاف ورزی پر ایکشن ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق میاں اسلم اقبال نے کیمپ آفس میں تاجروں کے وفد سے بات چیت کی۔ اس موقع پر پنجاب میں ماکیٹوں کی صورت حال سمیت کاروباری معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ ایس اوپیز پر عمل نہ کرنے والوں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایس اوپیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، کرونا سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کیےبغیرچارہ نہیں، لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل لازم ہے۔
ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پنجاب میں بھی مارکیٹیں بند کرنے پر غور
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مارکیٹوں کی مانیٹر نگ جاری رہے گی، خلاف ورزی پر ایکشن ہوگا، لوگ مثبت رویے اپنائیں تو لاک ڈاؤن صورتحال سے بچا جاسکتا ہے، غیرذمےدارانہ رویے کرونا کے پھیلاؤ کا باعث بن رہے ہیں۔
میاں اسلم نے مزید کہا کہ عوام مشکل صورتحال سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔