کراچی: دنیا کے نمبر ون بلے باز مارنوس لبوشین نے اپنے نام کا تلفظ بتادیا۔
پاکستان کے دورے پر آئی آسٹریلین ٹیم میں شامل دنیا کے نمبر ون ٹیسٹ بلے باز مارنوس لبوشین نے اپنے نام کے تلفظ کے حوالے سے شائقین کی پریشانی دور کر دی۔
آسٹریلوی بلے باز کے نام کے حوالے سے سوشل میڈیا پر اور پنڈی اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی جانب سے بھی پوچھا گیا تھا کہ آخر ان کا ٹھیک نام کیا ہے۔
اب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں شان مسعود آسٹریلوی بلے باز سے انٹرویو کر رہے ہیں۔
اپنے نام کے ٹھیک تلفظ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر آسٹریلوی بیٹر نے بتایا کہ آپ لوگوں کی زبان میں چونکہ ’ڑ اور خ‘ کا تلفظ موجود ہے اس لیے یہاں میرے نام کی ادائیگی آسان ہے، میرے نام کا ٹھیک تلفظ ’مارنس لبوسکاخنی‘ ہے۔
Great to chat with @shani_official 😄 https://t.co/RL6OpPv4tJ
— Marnus Labuschagne (@marnus3cricket) March 9, 2022
مارنوس لبوشین کا کہنا تھا کہ پاکستانی اسپنرز کو 2005 سے دیکھ رہا ہوں کہ وہ وکٹ لینے کے لیے کس طرح سے بولنگ کرتے ہیں لیکن جب آپ پیس، سیم اور اسپن وکٹوں کے بعد ایک مختلف جگہ پر کھیلتے ہیں تو آپ کو مختلف تکنیک اپنانی پڑتی ہیں کیونکہ پاکستان میں گیند بہت نیچے رہتی ہے۔
آسٹریلوی بلے باز کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان جیسی وکٹوں پر آپ کو آف اسپن، لیگ اسپن اور سوئپ شاٹس بہتر کرنی پڑتی ہیں۔