پیر, جون 17, 2024
اشتہار

شادی ہالز پر کتنا ٹیکس فکس کیا گیا؟

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت نے شادی ہالز پر ٹیکس فکس کر دیا ہے۔

مشیر خزانہ مزمل اسلم نے بتایا کہ اے کیٹیگری کے شادی ہال پر 25 ہزار جبکہ بی کیٹیگری کے ہال پر 15 ہزار ٹیکس فکس کر دیا جبکہ ریسٹورنٹس پر ٹیکس میں کمی کر کے 6 فیصد کر دیا ہے۔

پریس کانفرنس میں مشیر خزانہ کے پی نے بتایا کہ صوبائی بجٹ پیش کر دیا ہے کسی کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں ہے، وفاقی حکومت عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مصروف تھی اور ابھی تک بجٹ کی تاریخ ہی نہیں دی، ہو سکتا ہے کہ وفاق 6 جون کو بجٹ پیش کرے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ وفاق 6 جون کو بجٹ پیش کرتا تو ہم کب کرتے کیونکہ پھر عید آنے والی ہے، عید قریب ہونے کی وجہ سے ہمیں جلد بجٹ کی منظوری لینا ہوتی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کے اخراجات میں کمی کرنا ہے، وفاق سے خیبر پختونخوا کو اپنے بقایاجات نہیں مل رہے، وفاق نے نیٹ ہائیڈل کی مد میں صوبے کو ایک روپیہ نہیں دیا، وفاقی محصولات کی مد میں ہم نے ایک ہزار 212 ارب روپے رکھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی محصولات کی مد میں 93 ارب روپے رکھے گئے ہیں، اس سال ہم 122 ارب بیرونی قرض لیں گے جو ترقیاتی اسکیموں کیلیے ہوگا، 10 فیصد تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی تجویز دی گئی ہے، پراپرٹی ٹیکس کو ساڑھے 6 سے کم کر کے ساڑھے 3 فیصد کیا ہے۔

مزمل اسلم نے بتایا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی پر بھی ٹیکس کو 2 فیصد بڑھا دیا گیا ہے، ٹوبیکو پر ہم نے سیل ٹیکس بڑھایا ہے، 80 فیصد ٹوبیکو کے پی میں بنتا ہے سارا ٹیکس وفاق لیتا ہے، وفاق اگر ہمیں حصہ دے تو اس پر بات کر سکتے ہیں، صوبے میں صوبائی ایکسائزایکٹ لا رہے ہیں۔

مشیر خزانہ کے پی نے کہا کہ کل بھی وفاق سے ضم اضلاع کے فنڈ ہمیں ملے ہیں، فاٹا اور پاٹا میں صوبائی حکومت کوئی ٹیکس نہیں لگا رہی، وفاقی حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس نہ لگائے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں