پُونا : بھارتی دھوکے باز نوجوان نے انٹرنیٹ پر درجنوں لڑکیوں اور ادھیڑ عمر خواتین کو شادی کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے لوٹ لیے آخرکار خواتین نے اس سے بدلہ لے ہی لیا؟
بھارتی میڈیا کے مطابق 32سالہ اس شخص کا نام پریم راج تھیو راج ہے جو لڑکیوں اور ادھیڑ عمر کی اکیلی خواتین کو اپنا شکار بناتا تھا وہ انہیں اپنی محبت کے جال میں پھنسا کر ان سے جعلی کاغذات پر شادی کرتا اور چند دن بعد ہی ان کی جمع پونجی ہڑپ کرجاتا۔
رپورٹ کے مطابق چنائی کے ایک 32 سالہ نوجوان نے پُونے اور پمپری چنچواڑ سمیت کئی ریاستوں کی درجنوں لڑکیوں کو محبت کے جال میں پھنسا کرلاکھوں روپے کا چونا لگایا۔
مقامی پولیس نے فلمی انداز میں ہی اس شاطر ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم پریم راج تھیوراج چنئی کا رہائشی ہے۔ جس نے کئی شہروں میں سو سے زائد خواتین سے شادی کے نام پر لاکھوں روپے ایٹھنے کا کام کیا۔
ملزم سے دھوکہ کھانے والی ایک خاتون نے پولیس سے رابطہ کیا جس کے بعد اس کے برے دن آگئے، متاثرہ خاتون کی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا۔
رپورٹ کے مطابق ملزم پریم راج پہلے میٹرو منی ویب سائٹ کے ذریعے خواتین سے جان پہچان بڑھاتا پھر شادی کا جھانسہ دے کر انہیں لوٹنے کا کام کرتا تھا۔
ایک خاتون کو اس نے بتایا کہ وہ ریلوے کنٹریکٹر ہے، لاک ڈاؤن میں اسے حکومت سے بل موصول نہیں ہوا، ملازمین کو تنخواہ دینا پڑتی ہے، ایسا بہانہ بنا کر اس نے مجھ سے 12 لاکھ روپے لیے۔
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ مجھے اس نے چنائی بلایا اور شادی کے جعلی فارم پر دستخط کرکے رجسٹریشن کرائی اور کہا کہ اب تم میری بیوی ہو اور اب ہندوستان میں کسی اور سے شادی نہیں کر سکتیں۔
خاتون نے مطابق ملزم نے اسرار کیا کہ مجھے اپنے نام پر 80 لاکھ روپے کا بینک قرض لے کر دو جب میں نے انکار کیا تو اس نے دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔ اور جب اس سے اپنے12 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تواس نے ٹال مٹول شروع کردی۔
اسی دوران چنائی سے تعلق رکھنے والی ایک اور متاثرہ خاتون نے اس سے فون پر بات کی اور وہ بھی اس کی دھوکہ دہی کا شکار بن گئی جس کے بعد دوسری خاتون نے بھی پولیس کو شکایت درج کرائی۔
خواتین کی شکایت کے بعد پولیس نے ملزم کو پکڑنے کے لئے فلمی انداز میں جال بچھایا، متاثرہ خاتون نے بہانے سے ملزم کو چنائی سے بلایا اور پونے ائیرپورٹ سے باہر آتے ہی پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف دو خواتین نے شکایت درج کرائی تھی ایک سے 14 لاکھ روپے اور دوسری سے 20 ہزار روپے اینٹھے تھے، اس کے علاوہ چنائی میں ایک خاتون کو دھوکہ دیا اور اس سے 98 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کی۔
اس کے علاوہ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 7 موبائل فونز ، 13 سم کارڈ ، 4 اے ٹی ایم کارڈ ، 2 پین کارڈ ، 2 آدھار کارڈ کے علاوہ 2 ڈرائیونگ لائسنس برآمد کئے ہیں۔