بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں 7 ماہ کے دوران 25 مردوں سے الگ الگ شادی کر کے انہیں دھوکہ دینے والی 23 سالہ لٹیری دلہن کو گرفتار کر لیا گیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق خاتون کی شناخت انورادھا پاسوان کے نام سے ہوئی جسے پولیس نے لٹیری دلہن کا لقب دیا ہے، ملزمہ کو سوائی مادھوپور پولیس نے بھوپال سے گرفتار کیا۔
لٹیری دلہن کا طریقہ واردات یہ ہے کہ وہ قانونی کاغذی کارروائی کے تحت جال میں پھنسے شخص سے شادی کرتی ہے اور کچھ دن گھر میں قیام کے بعد زیورات، نقدی اور قیمتی اشیا لے کر راتوں رات فرار ہو جاتی ہے۔
پولیس کو اس بات کا علم اُس وقت ہوا جب سوائی مادھو پور کے رہنے والے وشنو شرما نے 3 مئی کو شکایت درج کروائی اور بتایا کہ اس نے دو ایجنٹوں سنیتا اور پپو مینا کو 2 لاکھ روپے ادا کیے جنہوں نے اس کیلیے دلہن تلاش کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: دلہن کی انوکھی فرمائش سن کر دولہا خوشی سے جھوم اٹھا
سنیتا اور پپو مینا نے انورادھا پاسوان کو وشنو شرما کے سامنے دلہن کے طور پر پیش کیا، دونوں کی شادی 20 اپریل کو مقامی عدالت میں ہوئی تاہم چند ہی دنوں بعد 2 مئی کو خاتون قیمتی سامان لے کر فرار ہوگئی۔
انورادھا پاسوان ریاست اتر پردیش کے مہاراج گنج کے ایک اسپتال میں ملازم تھی جبکہ گھریلو جھگڑے کے بعد اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کر کے بھوپال چلی گئی تھی جہاں وہ شادی کے جعلسازوں کے ایک گروہ میں شامل ہوگئی۔
وشنو شرما کی رہائش گاہ سے غائب ہونے کے بعد لٹیری دلہن نے بھوپال میں گبر نامی ایک اور شخص سے شادی کی اور اس سے 2 لاکھ روپے بھی وصول کیے۔
ملزمہ کی گرفتاری اُس وقت ممکن ہو سکی جب پولیس نے ایک خفیہ کانسٹیبل کو دولہا بنا کر خاتون کے سامنے پیش کیا۔ جب ایک ایجنٹ نے اس کی تصویر شیئر کی تو تفتیش کاروں نے موقع سے فائدہ اٹھایا اور اسے گرفتار کر لیا۔