تازہ ترین

کیا قائد اعظم کا فرمان تھا بند کمرے میں توسیع کی آفر دیں؟ مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے قائد اعظم محمد علی جناح کا فرمان ٹوئٹ کیے جانے پر سخت ردعمل کا اظہار کر دیا۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں مریم اورنگزیب نے سوال کیا کہ کیا قائد اعظم کا فرمان تھا کہ بند کمرے میں توسیع کی آفر دیں، چیئرمین نیب کو بلیک میل کریں، سیاسی مخالفین سے انتقام لیں یا توشہ خانہ کی گھڑی بیچ دیں؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو وفاقی حکومت گرانی تھی اپنی حکومت گرانے کا اعلان کر گئے، جنہوں نے اسمبلی تحلیل کرنا ہوتی ہے وہ عدم اعتماد کے بعد تو نہیں کرتے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان سیاست میں فیل ہوگئے اور اب وہ فارغ ہیں، حقیقی آزادی کے ڈرامے چھوڑیں 4 سال کا جواب دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا معاہدہ عمران خان کا تھا لیکن انہوں نے معاہدے سے انحراف کیا تھا، ہمیں اندازہ ہے کہ کس طرح عوام ان کی پالیسیوں کی وجہ سے مشکل میں ہیں۔

خیال رہے کہ آج چیئرمین پی ٹی آئی نے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو عہدہ سنبھانے پر مبارکباد پیش کیا اور ٹوئٹ میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا قول بھی شیئر کیا جس میں لکھا تھا: ’یاد رکھیے مسلح افواج عوام کے خادم ہیں، قومی پالیسی آپ نہیں بلکہ ہم سویلین بناتے ہیں۔ آپ کا فرض ہے کہ جو کام دیے جائیں انہیں انجام دیں۔‘

Comments

- Advertisement -