اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف کےدماغ کوخون پہنچانےوالی شریان88 فیصد بند ہے ، پلیٹ لیٹس کی مقدار میں مسلسل کمی کی وجوہات اب تک معلوم نہیں ہوسکیں، ڈاکٹرزنے نوازشریف کی امریکا میں علاج کی تجویزدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت سے متعلق بیان میں کہا کہ ذہنی مفلوج آج تک نوازشریف کی صحت پرسیاست کررہے ہیں، نااہل حکومت کی سیاست اورذہنی حالت بھی پست ہو چکی ہے، حکومت عوام کیلئے 50لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریوں کا بندوبست کرے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے نواز شریف کی امریکا میں علاج کی تجویزدی ہے، نوازشریف کے دماغ کو خون پہنچانے والی شریان 88 فیصد بند ہے، ڈاکٹرز کے مطابق کئی طبی پیچیدگیاں سنگین نتائج کی حامل ہوسکتی ہیں۔
ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں محمد نواز شریف کی امریکہ منتقلی ڈاکٹرز کے لئے ایک اور طبی امتحان ہے، اندرونی اعضاءکے معائنے کے لئے نواز شریف کی بائی آپسی کی جائے گی، موجودہ طبی کیفیات کو دیکھتے ہوئے بائی آپسی کرنے پر ڈاکٹرز کی مشاورت ہوئی ہے،پلیٹ لیٹس کے معاملے میں بھی بہتری پیدا نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹیرائڈز کی ہائی ڈوز دینے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے ، اسٹیرائڈز اور پلیٹ لیٹس کی تعداد بڑھانے کی ادویات کے نتیجے میں نواز شریف کی شوگر انتہائی زیادہ ہے ، ڈاکٹرز شوگر کی مقدار اور پلیٹ لیٹس کے توازن کو اعتدال میں لانے کی کوشش کررہے ہیں تاہم پلیٹ لیٹس کی مقدار میں مسلسل کمی کی وجوہات اب تک معلوم نہیں ہوسکیں۔