اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہنا ہے کہ جس کےدل میں چورہووہ اداروں ،عدالتوں سے بھاگتے ہیں ، پاکستان کے اداروں کو آئین و قانون کے مطابق کام کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف نے کہاتھا احتساب کی روایت میں خود شروع کروں گا، نوازشریف نے عدالت میں پیش ہوکر اس روایت کاآغاز کیا، آج کل جو چیخیں نکل رہی ہیں ان کا بھی بندوبست ہونے والا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جس وزیراعظم نے پاکستان کو خوشحالی دی اسے احتساب سے بھاگنے کی ضرورت نہیں، جس کےدل میں چورہووہ اداروں ،عدالتوں سے بھاگتے ہیں، پاکستان کےعوام پروٹوکول اور سیکیورٹی میں فرق سمجھ چکے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ڈٹ کردہشتگردی کا مقابلہ کرنیوالے کو سیکیورٹی کی ضرورت ہوتی ہے، نوازشریف عوام کی خاطرآئین و قانون کےلئے پیش ہورہے ہیں ،نوازشریف ووٹرز کے ووٹ کے تقدس کو بحال کرناچاہتےہیں، ووٹ کا تقدس بحال ہونے تک پاکستان ترقی نہیں کرسکتا ہے۔
مزید پڑھیں : آئین اور قانون کا احترام کرتے ہیں اور اسی لیے عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں، مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام محمد نوازشریف کے ساتھ ہیں، اقامہ پر گھر بھیجا گیا ، کرپشن کا ایک ثبوت بھی سامنے نہیں لایاگیا، ثبوتوں کے ڈھیر سے ایک چیز بھی ثابت نہ ہوسکی۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پاکستان کے اداروں کو آئین و قانون کے مطابق کام کرنا ہوگا، پاکستان کے تمام اداروں کو اپنے دائرے میں رہ کر کام کرناہوگا۔