اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ بجٹ کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف نے مشاورتی اجلاس کیے، بجٹ میں نوجوانوں کیلیے بہت بڑا پروگرام متعارف کروایا جا رہا ہے، کسان پیکج کی وجہ سے پاکستان میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، کسان پیکج کی دوسری قسط آ رہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر کسی بھی ملک میں معاشی استحکام نہیں ہو سکتا، معیشت کی بہتری سیاسی استحکام سے جڑی ہے، اتحادی حکومت نے ملک کی معیشت کی سمت کو درست کیا، ایک شخص نے 4 سال تک ملک کی معیشت کا جنازہ نکالا، 2018 سے 2022 تک کا سفر آپ کے سامنے ہے۔
’نواز شریف کو پتا تھا کہ سیاسی استحکام ہوگا تو ترقی ہوگی۔ یہ مائنڈسیٹ مسلم لیگ (ن) دورِ حکومت میں بھی اسی طرح گالیاں دیتا تھا۔ نواز شریف نے سیاسی استحکام کو انشور کرنے کیلیے تمام جماعتوں کو اکٹھا کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام لائے پھر اس کی خلاف ورزی کی، اسی مائنڈسیٹ نے مشن کے مطابق فارن فنڈنگ لی، ملک کی بربادی معیشت کی تباہی کوئی ملک بات کرنے کو تیار نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کہا گیا امریکی سازش کر کے حکومت گرا کر امپورٹڈ حکومت لے آئی، بقول اس شخص کے امریکا امپورٹڈ حکومت لایا آج اسی کی منتیں کر رہا ہے، جب اسٹاف لیول ایگریمنٹ قریب آتا یہ شخص فساد اور غنڈہ گردی شروع کرتا تھا، آئی ایم ایف ان کا پروگرام تھا اور انہوں نے ہی خلاف ورزی کی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ زمان پارک پولیس وارنٹ لے کر گئی تو پیٹرول بم پھینکے گئے، میٹرو اسٹیشن اور گاڑیاں جلائی گئیں اور 9 مئی کو لاہور کو جلایا گیا، لانگ مارچ کے نام پر اسلام آباد کو بھی جلایا گیا، اس مائنڈ سیٹ کی وجہ سے پاکستان سیاسی عدم استحکام کا شکار ہوا۔