ہفتہ, نومبر 16, 2024
اشتہار

’’مارٹن کوبلر، آپ ہمیں بہت یاد آئیں گے، دل رو رہا ہے‘‘

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: جرمنی کے سفارت خانے میں تعینات مارٹن کوبلر کے واپس جانے پر پاکستانیوں نے انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور اُن کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔

تفصیلات کے مطابق جرمن حکومت نے مارٹن کوبلر کو 10 اگست 2017 کو پاکستان میں اپنا سفارت کار تعینات کیا جس کے بعد انہوں نے اپنے منفرد انداز سے پاکستانیوں کے دلوں میں گھر کیے۔

مارٹن کوبلر سفارت کاری کے شعبے میں منجھی ہوئی شخصیت مانے جاتے ہیں انہوں نے کئی ممالک میں بطور سفارت کار امور انجام دیے اور وہ اقوام متحدہ کے خصوصی مشنز کے لیے بھی خدمات انجام دے چکے۔

- Advertisement -

جرمن سفیر کو پاکستانی ثقافت اور مہمان نوازی نے اس قدر متاثر کیا کہ انہوں نے اس دوران پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا بھر میں پیش کیا، بالخصوص اردو زبان میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اظہار کر کے انہوں نے بھی پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔

جرمن سفیر گاہے بگاہے اپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کبھی بریانی کھانے تو کبھی ٹرک آرٹ یا پھر پاکستانی ثقافت سے متعلق خوبصورت تصاویر شیئر کرتے تھے جنہیں بہت زیادہ پسند کیا جاتا تھا۔

جرمن سفیر کا الوادعی پیغام

صدر مملکت عارف علوی نے جرمن سفارت کار کے لیے الوداعی تقریب کا اہتمام کیا اور ملاقات کر کے اُن کی خدمات کو بھی سراہا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صارفین نے مارٹن کوبلر کی واپسی پر افسوس کا اظہار کیا اور انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین بھی پیش کیا۔

فرح جعفر نامی صارف نے مارٹن کوبلر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک شخص نے ہم سب کے دل جیت لیے‘۔

نعمان ظفر کا کہنا تھا کہ ’مارٹن کے جانے کے بعد ہم اُن کی کمی شدت سے محسوس کریں گے کیونکہ وہ دیگر سفارت کاروں سے بہت زیادہ مختلف تھے اور انہوں نے خوبصورت تصاویر شیئر کر کے پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا بھر میں روشناس کرایا‘۔

انجینئر عثمان اعوان کا کہنا تھا کہ ’مارٹن کوبلر نے ثقافت کو تبدیل کیا کیونکہ اُن سے پہلے ہمیں کسی بھی قسم کا کوئی آئیڈیا نہیں تھا‘۔

محمد سعد نے جرمن سفارت کار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’مارٹن کوبلر آپ نے پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا بھر میں پیش کیا، ہم آپ کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے’۔

فریحہ عزیز کا کہنا تھا کہ ’مارٹن کوبلر پاکستان آپ کی بہت زیادہ کمی محسوس کرے گا، اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو’۔

سالار سلطانزئی نے ازراہ مذاق لکھا کہ ’مارٹن کوبلر کا نام ای سی ایل میں تاکہ وہ پاکستان چھوڑ کر نہ جاسکیں‘۔

کامران زیدی نامی صارف نے لکھا کہ ’مارٹن کوبلرکے پاکستان چھوڑنے پر ہمارا دل آنسوؤں سے رو رہا ہے‘۔

دوسری جانب مارٹن کوبلر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنا الوداعی پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستانیوں کی مہمان نوازی اور اُن کی طرف سے ملنے والی محبتوں کا شکریہ ادا کیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں