وہاڑی : سیکنڈ لیفٹیننٹ عبد المعید شہید کی نمازجنازہ ادا کردی گئی، نمازجنازہ میں اعلیٰ سول اور عسکری حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شہید کی تدفین لاہور میں کی جائے گی.
تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں بزدل دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے سیکنڈ لیفٹیننٹ عبد المعید کی نمازہ جنازہ وہاڑی میں ادا کردی گئی جس میں اعلیٰ فوجی اور سول حکام سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی.
بعد ازاں شہید عبد المعید کا جسد خاکی تدفین کے لیے لاہور روانہ کردیا گیا ہے جہاں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ شہید کی تدفین کی جائے گی جس میں شہید کے اہل خانہ اور دوستوں کے سمیت اعلیٰ فوجی اور سیاسی قیادت شرکت کریں گے جب کہ شہید کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا جائے گا.
یہ پڑھیں : شمالی وزیرستان، 21سالہ سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعیداور سپاہی بشارت شہید
اس موقع پر گیریژن کمانڈر بریگیڈیئر جواد احمد ذکا نے کہا کہ قیام پاکستان سے لیکر آج تک قربانیاں دیتے آئے ہیں اور ہمیشہ کی طرح آج بھی دشمن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے،دنیا میں ایسی کوئی طاقت نہیں جو پاکستان کو مٹا سکے.
بریگیڈیئر جواد احمد ذکا نے شہید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دھرتی کے سپوت اپنا لہو دے کر ملک کی حفاظت کر رہے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ عوام بھی کھڑی ہے.
خیال رہے آج شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے اکیس سالہ سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت نے جام شہادت نوش کیا تھا.