وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تمام والدین اپنے بچوں کو اس خونی لانگ مارچ سے محفوظ رکھیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فارن فنڈڈ فتنہ نے مان لیا کہ اس نے آرمی چیف کو غیر معینہ مدت کیلئے توسیع کی پیشکش کی تھی، اس کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جس کا وہ مستحق ہے، تمام والدین سے گزارش ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس کے خونی مارچ سے محفوظ رکھیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریکِ انصاف کو صرف فارن فنڈڈ فتنہ نے کرش کیا ہے، عمران خان نے کرپشن نہیں کی بلکہ اپنے اقتدار کے چار سالوں کے دوران ڈاکے ڈالے ہیں، چھ ماہ قبل ملک تباہی کی طرف جانے سے بچ گیا، الیکشن آئینی مدت پوری ہونے پر اگلے سال ہوں گے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اگر شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ جرائم پیشہ تھے تو 4 سال میں ثابت کر دیتے، جاسوسی کی اجازت آپ نے خود دی ہوئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی اپنے قریبی لوگوں سے آنکھیں بدل لیں، آپ کوآزاد میڈیا سے نہیں بلکہ اپنے اندر کے فتنے کا خوف تھا۔
واضح رہے کہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کا لانگ مارچ آج بعد نماز جمعہ لبرٹی چوک لاہور سے شروع ہوگا۔