لاہور : مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر وزیراعظم کو خطاب کا چیلنج دے دیا اور کہا کرپشن کے نتیجے میں عوام کوئی چیز خریدنے کے قابل نہیں رہی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کو ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر خطاب کا چیلنج دیتے ہوئے کہا عمران بتائیں آٹا، چینی، بجلی، گیس،دواچوری سے کرپشن بڑھ چکی ہے، کرپشن کے نتیجے میں عوام کوئی چیز خریدنے کے قابل نہیں رہی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کرپشن اعمال نامہ آنے پرعمران سڑکوں پر نہیں نکلیں گے جیل جائیں گے، مافیاز، کارٹلز اور اے ٹی ایمز کی کرپشن سےمعیشت تباہ ،مہنگائی کا سونامی آیا۔
نواز دور حکومت کے حوالے سے ن لیگی ترجمان نے کہا کہ 2013میں ن لیگ دورمیں پاکستان کرپشن انڈیکس میں 127 نمبر پر تھا، ن لیگ دورمیں کرپشن میں کمی آئی پاکستان 117نمبرپرآیا، پاکستان مسلم لیگ (ن) دور میں ہر سال کرپشن انڈیکس میں مسلسل کمی آئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 2013 سے2018 کے درمیان ریکارڈ ترقی، ریکارڈ شفافیت آئی، نواز شریف کی قیادت میں ملک میں سی پیک آیا ، ایل این جی،پاورپلانٹس، موٹرویز، پبلک ٹرانسپورٹ کےمنصوبے لگے اور کھربوں کے منصوبوں کے ساتھ ملک میں کرپشن میں کمی بھی آئی۔
وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو دھیلے کی ترقی نہیں دی ، عمران خان نےنیا منصوبہ نہیں دیاالٹا لوٹ مار کے نئے ریکارڈ قائم کیے، کرپشن کے عذاب نے کھانے پینے کی اشیاچھین لیں، قوم کوروٹی کا محتاج کر دیا۔