اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ فتنہ ملک میں لاشیں، افرا تفری اور فساد چاہتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک میں سیاسی انتہا پسندی کا ذمہ دار فارن ایجنٹ ہے جس نے حساس تنصیبات پر حملے کروائے، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کروائی، فتنے نے ایمبولینس، ریڈیو پاکستان، مساجد، اسکول جلوائے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ملک اور ریاست کے خلاف مہم وہی پرانی ہے، صرف چہرے بدل رہے ہیں لیکن ایجنڈا ایک ہی، 9 مئی والا ایجنڈا بیرون ملک بیٹھی کٹھ پتلیوں کے ذریعے چلایا جارہا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ اداروں کے خلاف مذموم اور شرانگیز مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، چند عناصر بیرون ملک بیٹھ کر ملک دشمنی اور غداری کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی شدت پسندی کا کوئی واقعہ ہوا تو چیئرمین پی ٹی آئی ذمہ دار ہوگا، ریاست اداروں کے خلاف پروپیگنڈے کی کسی قیمت پر اجازت نہیں دیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ توشہ خانہ کا ٹرائل کل شروع ہورہا ہے، کرپشن کے ثبوت سامنے آرہے ہیں، اپنی کرپشن سے توجہ ہٹانے کے لیے سر پر بالٹی رکھ کر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے، افسران پر اپنے قتل کے جھوٹے الزامات لگائے جب ثبوت مانگا تو کہا لوگوں سے سنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اپنا جھوٹ پھیلانے کے لیے چند یوٹیوبرز اور ولاگرز کو ’پراکسی‘ کے طور پر استعمال کررہا ہے، یہ وہی گھٹیا ذہنیت ہے جس نے لسبیلہ ہیلی کاپٹر شہدا کے خلاف غلیظ مہم چلوائی۔