لاہور: ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عوام کو بتائیں کہ حکومت روزانہ 16 ارب کا قرضہ لے رہی ہے.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیر اعظم کی آج راولپنڈی میں کی جانے والی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کیا. سیکریٹری اطلاعات ن لیگ مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم عمران صاحب عوام کو بتائیں کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کیا معاہدہ طے کیا.
ان کے مطابق صرف 9 مہینوں میں ترقی کی شرح 2.5 فی صد ہوگئی ہے، جو9 سال میں کم ترین سطح ہے حکومت کوآئی ایم ایف جاناپڑرہا ہے اورعوام دشمن شرائط مانی جارہی ہیں.
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان صاحب، عوام کے پاس روٹی ہوگی، تو صحت ہوگی، بہتر ہوتا کہ آپ آج عوام کو بتاتے کہ آپ یومیہ کتنے ارب قرضہ لے رہے ہیں.
مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے راولپنڈی میں گائنی اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا
خیال رہے کہ آج راولپنڈی میں گائنی اسپتال کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ پچھلے 10 سالوں میں 6 ہزار سے 30 ہزار ارب قرضہ لیا گیا، قرضہ اتارنے اور نظام ٹھیک کرنے میں قوم کو تھوڑی دیر مشکل سے گزرنا پڑے گا، خرچے کم اور آمدنی بڑھانے سے قرضہ اتارا جاتا ہے۔ قرضے کی بیماری کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کرنا پڑ رہا ہے۔