اسلام آباد : وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پہلے ہی دن فیصلہ کرلیا تھا کہ ثبوت عدالت میں دیں گے،اب جب کہ ثبوت دے دیے گئے ہیں تو الزام لگانے والے خاموش ہوگئے ہیں۔
وزیرِمملکت مریم اورنگزیب نے یہ بات پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہی، اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اپنی تقاریر میں ثبوت کا ذکر اس لیے نہیں کیا کیوں کہ ثبوت میڈیا یا اپوزیشن کے سامنے نہیں بلکہ عدالت کے سامنے رکھے جاتے ہیں۔
اسی سے متعلق : کمزور ٹیم کےساتھ بڑی ٹیم کوشکست دیناجانتاہوں، عمران خان
انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس میں وزیراعظم پاکستان نےفلیٹ خریدنے کےحوالےسےثبوت سپریم کورٹ میں جمع کرادیے ہیں جس کے بعد سے الزام لگانےوالے خاموش ہوگئے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے عمران خان سے سوال کیا کہ عدالت میں اپنا جواب کیوں جمع نہیں کرایا،تلاشی مانگنےوالوں کی اپنی تلاشی ہوئی تو بھاگ گئے،قطری شہزادے سے پہلےخان صاحب کوخود کٹہرے میں آنا پڑےگا،خان صاحب پھرمت کہیےگا کہ سر پر چوٹ لگی تھی بھول گیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جب بات کرتے ہیں توشرمندگی اور ناکامی کی تصویرنظر آتے ہیں،ان کے انداز و اطوار سے ناکامی کی خفگی نمایاں طور پر ظاہر ہوتی ہے۔
عمران خان کی اپنی شادی کے حوالے کہے گئے ریمارکس پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ خان صاحب شادی کی سنت ضرور ادا کریں لیکن جھوٹ اوربہتان سےمتعلق احادیث پر بھی غورکریں۔