اسلام آباد : وزیرِ مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قائداعظم کی ہرتصویرمیں محترمہ فاطمہ جناح کو ساتھ دیکھا جا سکتا ہے اور پاکستان کےآئین میں خواتین کے حقوق کی بات بھی کی گئی ہے۔
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ قیام پاکستان میں خواتین کا اہم کردار رہا ہے اور قائد اعظم کی بہن محترمی فاطمہ جناح اپنے بھائی کے شانہ بشانہ سیاسی جدوجہد میں ہمراہ رہیں۔
وزیرِ مملکت مریم اورنگزیب نے ملک کے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کرنے والے شہید جوانوں کی ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اُن ماؤں کو سلام ہے جنہوں نے قوم کو ایسے بہادر سپوت عطا کیے جو وطن عزیز کی حفاظت میں اپنی جانیں بھی قربان کر دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانا وزیراعظم نوازشریف کا وژن ہے اس لیے وفاق اورصوبوں میں خواتین کیلئےخصوصی قانون سازی کی گئی اور وزیراعظم یوتھ لون اسکیم میں بھی خواتین کو 50 فیصد حصہ دیا گیا ہے۔
وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کوشاں ہیں جس کے باعث ہمارے دورِ حکومت میں خواتین کا معیارِ زندگی بلند ہوا ہے۔