لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں پاکستان جیسی نعمت سے نوازا ہے، آنے والے وقت میں ملک کی بھاگ دوڑ نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں تمام بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں،کل ارشد ندیم سے ملاقات ہوئی اس کی حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا ہے، ملک کا نام روشن کرنے سلسلہ جاری رہنا چاہیے، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، نوجوان باصلاحیت ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کیلئے ہم سب کو آواز اٹھانی چاہیے، جنہوں نے ملک کی ترقی میں حصہ ڈالا ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادی دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہے، ہم سب کو بطور قوم اپنا احتساب کرنا ہے، جو ہوگیا وہ ہوگیا، اب ہمیں آنے والے وقت کی فکر کرنی چاہیے، ملک میں سیاسی استحکام ہوگا تو ملک ترقی کریگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ افواج پاکستان کے جوانوں نے ملک کیلئے جانیں قربان کیں، پولیس کے جوانوں نے بھی ملک کیلئے جانیں قربان کیں۔ ملک کی خاطر قربانی دینے والوں کو یاد رکھنا چاہیے۔
پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کا پرتپاک استقبال، قومی پرچموں کی بہار
پاکستانی قوم میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، ہم سب کو فرد کے بجائے ملک کا سوچنا چاہیے، ہمیں زندہ قوم بن کر ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے۔