پیر, جنوری 6, 2025
اشتہار

‘ نوازشریف جیل میں ہوں یا لندن میں، عوام ان سے محبت کرنا نہیں چھوڑے گی ‘

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف جیل میں ہوں یا لندن میں یہ جم غفیران سے محبت کرنا نہیں چھوڑے گا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پی پی 140 شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف جیل میں ہوں یا لندن میں یہ جم غفیران سے محبت کرنا نہیں چھوڑے گا کیونکہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے، عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور ایک بار پھر ملک کو مسائل سے نکالیں گے، عوام کا جوش وجذبہ دیکھ کر لگتا ہے کہ 17 جولائی کو شیخوپورہ میں شیر آرہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان عوام کو اپنے 4 سالہ دور کے 4 کام تک نہیں بتا سکتے، انکی سیاست صرف جھوٹ اور الزام تراشی کے گرد گھومتی ہے جب کہ مسلم لیگ ن اپنی ڈھائی ماہ کی حکومتی کارکردگی بتاسکتی ہے، ن لیگ نے اپنے سابقہ دور میں شیخوپورہ میں متعدد ترقیاتی کام کرائے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ حالیہ مہنگائی کس کی وجہ سے ہے، عمران خان غریب کو سستی بجلی فراہم کرنے کیخلاف عدالت چلے گئے، یہ پنجاب اور غریب عوام سے دشمنی نہیں تو اور کیا ہے، 17جولائی کے بعد پنجاب کے غریب طبقے کیلئے بجلی مفت کریں گے کیونکہ مسلم لیگ ن عوامی خدمت کی سیاست کرتی ہے۔

ن لیگ کی نائب صدر نے مزید کہا کہ شہبازشریف نے پورے پاکستان کے عوام کیلئے آٹا سستا کیا اور آئندہ چند دنوں میں وزیراعظم عوام کو بہت بڑا ریلیف دیں گے، عالمی منڈی میں پٹرولیم قیمتیں کم ہونے سے عوام کو بھی ریلیف ملے گا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ بےگناہوں کیساتھ ظلم کرنے والوں کا انجام اسی دنیا میں سامنے آجاتا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کو اپنے ہی ساتھیوں نے اقتدار سے نکالا، عوام جھوٹے وعدے کرنے والوں کی شکلیں پہچان چکے ہیں، عمران خان جانتا ہے اگر آئندہ الیکشن تک ن لیگ کی حکومت رہی تو معیشت بہتر اور اس کی سیاست ختم ہوجائے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں